نئے ترمیمی ٹریفک قوانین پر عمل درآمد سے حادثات میں واضح کمی آئی ہے، ڈی ایس پی ٹریفک خرم فیاض

28
جہلم: نئے ترمیمی ٹریفک قوانین پر عمل کرانے سے ٹریفک حادثات میں نمایاں کمی آئی ہے۔
ان خیالات کا اظہار ڈی ایس پی ٹریفک پولیس خرم فیاض نے ایس ایل ایس کالج میں منعقدہ ٹریفک آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایس ایل ایس آفیشل آئلز ٹیسٹ سنٹر میں ٹریفک آگاہی سیمینار اور سرٹیفکیٹ تقسیم کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں نئے ترمیمی ٹریفک قوانین پر مؤثر عمل درآمد کے مثبت نتائج پر روشنی ڈالی گئی۔
سیمینار کا مقصد طلباء کو ٹریفک قوانین، ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء اور شہری سہولیات کے عملی نظام سے متعلق آگاہی فراہم کرنا تھا۔ اس موقع پر ڈی ایس پی ٹریفک نے ایس ایل ایس کالج کو آفیشل آئلز ٹیسٹ سنٹر کا درجہ ملنے پر ایم ڈی سرفراز ملک کو مبارک باد بھی دی۔
سی ای او ایس ایل ایس کالج سرفراز ملک نے اپنے خطاب میں ادارے کی تاریخ اور تعلیمی خدمات پر روشنی ڈالی اور طلباء پر زور دیا کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں۔
سٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن آف پاکستان کے زونل ہیڈ نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے طلباء کو ذمہ دار شہری بننے کی تلقین کی اور سرفراز ملک کو طلباء کے لیے ایک مثالی رول ماڈل قرار دیا۔
فوکل پرسن عبدالغفور چوہان نے ڈی ایس پی ٹریفک اور ایم ڈی ایس ایل ایس کالج کے ہمراہ طلباء میں ٹریفک آگاہی پمفلٹس تقسیم کیے۔ تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی نے طلباء میں سرٹیفکیٹس جبکہ دیگر معزز مہمانان میں یادگاری تحائف تقسیم کیے۔
آخر میں ایم ڈی ایس ایل ایس کالج سرفراز ملک کی جانب سے مہمانِ خصوصی کو سونیئر اور تحفہ پیش کیا گیا۔



