منہ کھر وائرس کی نشاندہی پر محکمہ لائیو اسٹاک متحرک، متاثرہ علاقوں میں ویکسینیشن شروع

پنڈدادنخان: جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے مختلف دیہی علاقوں میں مویشیوں میں منہ کھر کے وائرس کی اطلاعات پر محکمہ لائیو اسٹاک حرکت میں آ گیا۔ میڈیا کی نشاندہی اور بروقت رپورٹنگ کے بعد متعلقہ حکام نے فیلڈ میں نکل کر متاثرہ علاقوں میں ویکسینیشن کا عمل شروع کر دیا۔
کسلیاں، ڈھڈی، پھپھرہ، سوڈی گجر، پنڈی سید پور سمیت متعدد علاقوں میں منہ کھر وائرس سے مویشی متاثر ہو رہے تھے، جس کی خبریں مقامی میڈیا میں نمایاں طور پر نشر کی گئیں۔ ان اطلاعات پر فوری ایکشن لیتے ہوئے محکمہ لائیو اسٹاک کی ٹیمیں فیلڈ میں روانہ ہوئیں اور متاثرہ دیہات میں جانوروں کو منہ کھر سے بچاؤ کی ویکسین فراہم کی جا رہی ہے۔
محکمہ لائیو اسٹاک کے ترجمان کے مطابق منہ کھر وائرس پر قابو پانے کے لیے وافر مقدار میں ویکسین دستیاب ہے۔ انہوں نے کسانوں اور مویشی پال حضرات سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی جگہ جانوروں میں منہ کھر کی علامات ظاہر ہوں یا کوئی اور مسئلہ ہو، تو فوری طور پر متعلقہ یونین کونسل کے لائیو اسٹاک عملے کو اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔
محکمہ لائیو اسٹاک کے حکام کا کہنا ہے کہ وہ کسانوں کی فلاح و بہبود اور مویشیوں کی صحت کے تحفظ کے لیے بھرپور انداز میں کام کر رہے ہیں اور مستقبل میں بھی کسی بھی ممکنہ وباء کی صورت میں فوری ردعمل دیا جائے گا۔



