43
جہلم: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم میں 5 جنوری کو جدید کارڈیک کیتھ لیب کا افتتاح کریں گی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف 5 جنوری بروز پیر کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم میں نو تعمیر شدہ جدید کارڈیک کیتھ لیب کا باضابطہ افتتاح کریں گی۔ افتتاحی تقریب میں صوبائی و ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت کے اعلیٰ افسران اور معزز شخصیات شرکت کریں گی۔
ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم میں قائم کی جانے والی یہ جدید کارڈیک کیتھ لیب نہ صرف ضلع جہلم بلکہ گرد و نواح کے اضلاع کے مریضوں کے لیے دل کے امراض کی تشخیص اور علاج میں ایک سنگِ میل ثابت ہوگی۔ اس سہولت کے فعال ہونے کے بعد دل کے مریضوں کو انجیوگرافی اور انجیوپلاسٹی جیسے مہنگے اور حساس علاج کے لیے راولپنڈی یا لاہور جانے کی ضرورت نہیں رہے گی، جس سے وقت اور اخراجات دونوں میں نمایاں کمی آئے گی۔
اس منصوبے کی تکمیل میں مشیر صحت پنجاب میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی اور وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی کی خصوصی کاوشیں قابلِ تحسین قرار دی جا رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر اظہر محمود کیانی کی ذاتی دلچسپی اور مسلسل نگرانی کے باعث جہلم میں جدید کارڈیک کیتھ لیب کا قیام ممکن ہوا۔
محکمہ صحت کے حکام کے مطابق جدید مشینری سے لیس اس کیتھ لیب میں دل کی شریانوں کی مکمل تشخیص، انجیوگرافی، انجیوپلاسٹی اور دیگر اہم طبی سہولیات دستیاب ہوں گی۔

اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے حال ہی میں ڈی ایچ کیو ہسپتال میں قائم نئی کارڈیک کیتھ لیب کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے جدید مشینری، طبی سہولیات اور عملے کی تیاری کا جائزہ لیا اور ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مشینری کے درست استعمال، عملے کی مؤثر تربیت اور مریضوں کی سہولت کو اولین ترجیح دی جائے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے کہا کہ دل کے امراض پاکستان میں اموات کی بڑی وجوہات میں شامل ہیں، اس لیے سرکاری ہسپتالوں میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کا عزم ہے کہ عوام کو جدید اور معیاری علاج مقامی سطح پر فراہم کیا جائے۔
واضح رہے کہ ماضی میں جہلم اور گرد و نواح کے دل کے مریضوں کو علاج کے لیے بڑے شہروں کا رخ کرنا پڑتا تھا، جس سے نہ صرف علاج میں تاخیر ہوتی تھی بلکہ مریضوں اور ان کے اہلِ خانہ پر مالی بوجھ بھی بڑھ جاتا تھا۔ نئی کارڈیک کیتھ لیب کے قیام سے اس مسئلے کے حل کی توقع کی جا رہی ہے۔
ماہرین صحت کے مطابق ضلعی سطح پر کارڈیک کیتھ لیب کا قیام صحت کے نظام کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، جو نہ صرف قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ میں مدد دے گی بلکہ سرکاری ہسپتالوں پر عوام کے اعتماد میں بھی اضافہ کرے گی۔ ضلعی انتظامیہ نے یقین دلایا ہے کہ مستقبل میں بھی صحت کے شعبے میں مزید بہتری کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔