جہلم میں بجلی کے لٹکتے اور بوسیدہ تار شہریوں کے لیے خطرہ بن گئے

جہلم شہر کے گنجان آباد علاقوں اور گردونواح کی گلی محلوں میں بجلی کے لٹکتے، بوسیدہ اور ننگے تار شہریوں اور صارفین کے لیے خطرہ بن گئے ہیں۔ شہر کے بیشتر مقامات پر بجلی کی تاریں گھروں کی چھتوں، بالکونیوں اور دیواروں کے انتہائی قریب سے گزر رہی ہیں، جس کے باعث کسی بھی وقت ناخوشگوار حادثہ پیش آنے کا خدشہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق جہلم شہر اور گردونواح میں آئیسکو کی لٹکتی تاریں حادثات کا سبب بن سکتی ہیں۔ شہر کے بازاروں، گنجان آباد گلی محلوں، کاروباری مراکز اور مختلف علاقوں میں آئیسکو کی عدم توجہی کے باعث بجلی کی تاریں انتہائی خستہ حال ہو چکی ہیں، جو کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہیں۔

گلیوں، بازاروں اور آبادیوں کے اوپر سے بے ہنگم انداز میں الجھے اور لٹکتے ہوئے تار نہ صرف شہریوں کے لیے شدید خطرہ بن چکے ہیں بلکہ متعلقہ اداروں کی عدم دلچسپی کے باعث متعدد افراد اپنی جانوں سے بھی ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ اکثر مقامات پر بجلی کی تاریں گھروں کی چھتوں، بالکونیوں اور دیواروں کے بالکل قریب سے گزر رہی ہیں، جبکہ بعض جگہوں پر تاروں کے گچھے بجلی کے کھمبوں کے ساتھ بے ترتیب انداز میں لٹکے ہوئے ہیں۔ بارشوں کے موسم اور تیز ہواؤں کے دوران ان تاروں سے کرنٹ لگنے، آگ لگنے اور جانی نقصان کے خدشات میں مزید اضافہ ہو جاتا ہے۔

شہریوں کے مطابق اس سنگین صورتِ حال سے متعدد بار آئیسکو حکام کو زبانی اور تحریری طور پر آگاہ کیا جا چکا ہے، لیکن متعلقہ محکمے کے ذمہ داران کی جانب سے تاحال کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا گیا، جو شہریوں کے ساتھ سخت زیادتی کے مترادف ہے۔

شہریوں نے آئیسکو کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ جہلم شہر اور گردونواح میں بجلی کے بوسیدہ، ننگے اور لٹکتے ہوئے تاروں کا فوری نوٹس لیا جائے، خطرناک تاروں کو تبدیل اور درست انداز میں نصب کیا جائے تاکہ کسی بڑے حادثے سے بچا جا سکے اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button