جہلم میں تجاوزات کے خلاف آپریشن فوٹو سیشن تک محدود، پختہ تجاوزات بدستور قائم

جہلم شہر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن محض رسمی کارروائی تک محدود ہو گیا۔ بازاروں، سڑکوں، اور سرکاری اراضی پر قائم پختہ تجاوزات کو مسمار نہیں کیا جا سکا۔
گزشتہ ماہ چند مقامات پر آپریشن کیا گیا، لیکن اندرونِ شہر کے اہم بازاروں اور شاہراہوں پر تجاوزات جوں کی توں موجود ہیں۔
ذرائع کے مطابق میونسپل کمیٹی کے شعبہ انسداد تجاوزات کے عملے کی مبینہ سرپرستی کی وجہ سے مختلف جگہوں پر تجاوزات قائم ہیں۔ عملے نے ریڑھی بانوں اور لوڈر رکشہ ڈرائیوروں کے ساتھ معاملات طے کر رکھے ہیں اور انہیں ایک پرائیویٹ واٹس ایپ گروپ میں شامل کیا گیا ہے۔
اس گروپ کے ذریعے تجاوزات کے خلاف آپریشن سے پہلے مطلع کر دیا جاتا ہے، جس کے باعث ریڑھی بان آپریشن سے قبل اپنی جگہ چھوڑ دیتے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ تجاوزات کے خاتمے کے دعوے صرف فوٹو سیشن تک محدود ہیں، جبکہ شہر کے مسائل جوں کے توں برقرار ہیں۔ انہوں نے اربابِ اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ بلاتفریق تجاوزات کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے اور سرکاری اراضی کو تجاوزات سے پاک کیا جائے۔



