جہلم میں سیلاب متاثرین کی مدد کرتے ہوئے شہید ہونے والے پولیس کانسٹیبل کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی

جہلم: سیلاب متاثرین کی مدد کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے جہلم پولیس کے بہادر سپوت حیدر علی حسین کی نمازِ جنازہ پولیس لائنز جہلم میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور شہید کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔
نمازِ جنازہ میں مشیر صحت پنجاب میجر جنرل (ریٹائرڈ) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی، بریگیڈیئر ذکاء اللہ، بریگیڈیئر سجاد، ایڈیشنل سیشن جج سعید رفیق، کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک، ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس، ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو، سینئر سول جج محمد بن قذافی، سول جج سرمد سلیم، ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر ظفر اقبال، ڈسٹرکٹ بار کے صدر، سابقہ پارلیمنٹیرینز، ایس پی انویسٹی گیشن فیصل سلیم، ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز، پولیس افسران، اہلکاران، امن کمیٹی کے ممبران، علماء کرام، تاجر برادری کے نمائندگان، ضلعی انتظامیہ، شہید کے اہلخانہ، معززین علاقہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی، شہید کے جسد خاکی پر پھول نچھاور کیے گئے اور ان کے بلند درجات کے لیے دعا کی گئی۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا کہ "شہید ہمارا فخر ہیں، انہوں نے اپنی جان قربان کر کے کئی قیمتی جانیں بچائیں، جہلم پولیس شہید کے اہلِ خانہ کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر قدم پر ان کے ساتھ رہے گی۔”
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اپنے پیغام میں کہا کہ "شہید کے اہلِ خانہ کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے، ان کی فلاح و بہبود کا ہر ممکن خیال رکھا جائے گا۔”
شہید حیدر علی حسین کو ان کے آبائی علاقے میں پورے سرکاری اور پولیس اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔ نماز جنازہ میں شریک افراد نے شہید کی قربانی کو سراہتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا اور ان کی لازوال قربانی کو سلام پیش کیا۔
یاد رہے کہ پنڈدادنخان کے علاقے پنڈی سیدپور کے رہائشی جہلم پولیس کے نوجوان اور بہادر کانسٹیبل حیدر نے جہلم کے تھانہ چوٹالہ کے علاقے میں سیلابی پانی میں پھنسے شہریوں کی جان بچانے کے لیے اپنی جان دے دی۔



