حکومت چینی کی قیمتیں کنٹرول کرنے میں ناکام، مافیا عوام کو لوٹنے میں مصروف

جہلم: حکومت سیزن کے آغاز میں ہی چینی کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہو گئی ہے۔ سٹہ مافیا اور شوگر مل مالکان چینی کے اسٹاک فروخت کر کے عوام کی جیبوں پر ڈاکے ڈال رہے ہیں۔
کریانہ ایسوسی ایشن کے قائدین نے کہا ہے کہ ہمیشہ کی طرح موجیں کرنے والے بڑے مافیا بچ نکلتے ہیں جبکہ سارا ملبہ ریٹیلرز پر ڈال دیا جاتا ہے۔ پورا سال چھوٹے دکانداروں کو کارروائیوں کا نشانہ بنایا جاتا ہے اور اصل ذمہ دار آزاد گھومتے ہیں۔
کریانہ ایسوسی ایشن کے قائدین کا مزید کہنا تھا کہ اگر سٹہ مافیا کو فوری کنٹرول نہ کیا گیا تو چینی کی قیمتوں کو قابو میں رکھنا حکومت کے لیے ناممکن ہو جائے گا۔ تاجروں نے خبردار کیا کہ سیزن شروع ہوتے ہی بڑی مقدار میں چینی ایکسپورٹ اور اسمگل کر دی گئی اور اب وہی چینی مہنگے داموں دوبارہ امپورٹ کر کے عوام کو مزید مشکلات میں ڈالنے کی تیاری ہو رہی ہے۔
تاجروں نے کہا کہ اس صورتحال میں سب سے زیادہ نقصان عوام کو ہوگا، جبکہ چھوٹے دکانداروں پر سختی کی جائے گی۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ فوری نوٹس لیتے ہوئے سٹہ مافیا کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ چینی کی قیمتوں میں استحکام برقرار رکھا جا سکے اور عوام کو ریلیف فراہم ہو۔
کریانہ ایسوسی ایشن اور تاجروں نے وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور وزیر صنعت و پیداوار سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔



