عظمت صحابہ واہل بیت کی بابت عوام الناس میں آگاہی پروگرامز جہلم بھر میں منعقد ہوں گے، حافظ عبدالحمید عامر

جہلم: صحابہ کرامؓ اور اہل بیت عظامؓ کی عظمت کے حوالے سے عوام الناس میں شعور بیدار کرنے کے لیے جہلم بھر میں خصوصی آگہی پروگرامز کا انعقاد کیا جائے گا۔

اس بات کا اعلان جامعہ علوم اثریہ جہلم کے مہتمم اور مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے نائب امیر حافظ عبدالحمید عامر نے عظمتِ صحابہ و اہل بیت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ صحابہ کرامؓ اور اہل بیت عظامؓ کی زندگیاں امت مسلمہ کے لیے مشعل راہ ہیں، جنہوں نے باہمی محبت، شفقت اور باہمی احترام کو فروغ دیا۔ آج کے دور میں ضرورت ہے کہ نسل نو کو ان مقدس ہستیوں کی سیرت و کردار سے روشناس کرایا جائے تاکہ کوئی فتنہ پرور انہیں گمراہ نہ کر سکے۔ اس مقصد کے لیے جہلم بھر کی مساجد میں خصوصی علمی، فکری اور اصلاحی نشستوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

کانفرنس میں مہمان خصوصی لاہور سے آئے معروف مذہبی اسکالر مفتی عتیق الرحمٰن علوی نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقامِ نبوت اور مقامِ صحابیت اللہ تعالیٰ کی خاص عطا ہے جو کسی بھی عبادت یا ریاضت سے حاصل نہیں کی جا سکتی۔ یہ اللہ کا انتخاب ہے اور اس پر اعتراض کرنا اللہ کے فیصلے پر اعتراض کے مترادف ہے جو کسی مسلمان کے شایانِ شان نہیں۔

پروگرام کے دوران سامعین نے اپنے سوالات بھی کیے جن کے جوابات علمائے کرام نے تفصیل سے دیے۔ اجتماع میں شہر جہلم اور گردونواح سے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور ان اصلاحی محافل کو بے حد سراہا۔

کانفرنس میں مدیر الجامعہ حافظ احمد حقیق، نائب مدیر حافظ عبدالغفور مدنی (سیکرٹری جنرل اہل حدیث یوتھ فورس پاکستان)، مدیر التعلیم مولانا عکاشہ مدنی، حافظ عمر عبدالحمید (صدر اہل حدیث سٹوڈنٹس فیڈریشن پاکستان) اور مفتی جامعہ مولانا قطب شاہ نے خصوصی شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

شہریوں نے ان پروگرامز کو تسلسل سے جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا اور علمائے کرام کا شکریہ ادا کیا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button