مریضوں کے علاج معالجے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، اسسٹنٹ کمشنر جہلم

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر جہلم آفتاب اشرف نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال (ڈی ایچ کیو ہسپتال ) جہلم کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کا مقصد ہسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی اور عملے کی حاضری کا تفصیلی جائزہ لینا تھا۔

اسسٹنٹ کمشنر نے ایمرجنسی وارڈ، او پی ڈی اور مختلف وارڈز کا معائنہ کیا اور زیرِ علاج مریضوں سے براہِ راست ملاقات کر کے ہسپتال کے انتظامات اور درپیش مسائل کے بارے میں دریافت کیا۔ مریضوں نے بعض امور کی نشاندہی کی، جس پر اسسٹنٹ کمشنر نے موقع پر ہی متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کیں۔

دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر آفتاب اشرف نے ہسپتال انتظامیہ اور عملے کو سختی سے ہدایت کی کہ مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے حکم دیا کہ ہسپتال کے تمام وارڈز اور واش رومز کی صفائی روزانہ کی بنیاد پر یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے واضح کیا کہ طبی سہولیات کی فراہمی اور مریضوں کے علاج معالجے میں کسی بھی قسم کی غفلت ناقابلِ برداشت ہوگی اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ہسپتال کے ریکارڈ اور حاضری رجسٹر کے معائنے کے بعد انہوں نے سائلین کی سہولت کے لیے ہیلپ ڈیسک کو مزید فعال بنانے کی ہدایت بھی جاری کی تاکہ مریضوں اور لواحقین کی شکایات کا بروقت ازالہ ممکن ہو سکے۔

اسسٹنٹ کمشنر نے متعلقہ عملے کو پابند کیا کہ ہسپتال کے انتظامی امور اور سہولیات سے متعلق رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر پیش کی جائے تاکہ شہریوں کو صحت کی بہتر اور معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button