جہلم میں سوئی گیس کی لوڈ شیڈنگ اور کم پریشر نے شہریوں کی مشکلات بڑھا دیں

23
جہلم: سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی سوئی گیس کی لوڈ شیڈنگ اور کم پریشر نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔
محکمہ سوئی نادرن گیس پائپ لائن کی طرف سے شیڈول کے باوجود گیس کی باقاعدہ فراہمی نہ ہونے کے باعث صارفین کا گھریلو بجٹ بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔
صارفین نے بتایا کہ گیس کی فراہمی کے لیے باقاعدہ شیڈول جاری کیا گیا ہے جس میں صبح، دوپہر اور شام کے اوقات میں گیس کی سپلائی کا ذکر ہے، لیکن عملی طور پر اس کا کوئی نفاذ نہیں ہو رہا۔
صارفین کا کہنا ہے کہ صبح سکول جانے والے بچوں، دفاتر جانے والے ملازمین اور گھر کے افراد کو بجلی یا گیس کی غیر دستیابی کی وجہ سے بازار سے مہنگے داموں ناشتہ منگوانا پڑتا ہے، جو نہ صرف گھریلو بجٹ پر اثر ڈال رہا ہے بلکہ غیر صحت مند خوراک کے استعمال سے معدے کی بیماریاں بھی جنم لے رہی ہیں۔
صارفین نے مزید بتایا کہ کھانا بنانے کے لیے انہیں مہنگی ایل پی جی گیس کے سلنڈر کا سہارا لینا پڑتا ہے۔ موجودہ معاشی حالات اور مہنگائی نے پہلے ہی عام صارف کا روزمرہ کا معمول مشکل بنا دیا ہے، اور 10 سے 12 گھنٹے کام کرنے کے باوجود ایک وقت کا کھانا تیار کرنا محض مشکل نہیں بلکہ ناممکن ہو چکا ہے۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ سوئی نادرن گیس فوری طور پر گیس کی سپلائی کو یقینی بنائے اور کم پریشر کے مسائل کو ختم کرے تاکہ سردیوں میں شہری بنیادی ضروریات کو با آسانی پورا کر سکیں اور گھریلو زندگی متاثر نہ ہو۔



