کھیوڑہ شہر کی مرکزی سڑک پارکنگ اسٹینڈ میں تبدیل، پولیس کی خاموشی پر عوام سراپا احتجاج

پنڈدادنخان: ضلع جہلم کا دوسرا بڑا شہر کھیوڑہ بدانتظامی کا شکار ہو گیا۔ شہر کی اکلوتی اور مصروف ترین سڑک دن رات پارکنگ سٹینڈ میں تبدیل ہو چکی ہے، جہاں ہیوی لوڈ گاڑیاں سڑک پر کھڑی کرنا معمول بن چکا ہے۔ پولیس خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے جبکہ سیف سٹی کیمرے بھی بے بسی کی تصویر بن چکے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کھیوڑہ شہر میں لاری اڈہ موجود ہونے کے باوجود ڈرائیور حضرات اپنی گاڑیاں شہر کی اہم شاہراہوں پر کھڑی کر دیتے ہیں، یہاں تک کہ میونسپل کمیٹی کے سامنے بھی رات بھر ٹرک اور ہیوی گاڑیاں کھڑی رہتی ہیں۔ ٹریفک کا نظام مکمل طور پر درہم برہم ہو چکا ہے، اور کسی بھی وقت بڑے حادثات کا خدشہ بڑھتا جا رہا ہے۔

حکومتی سطح پر ٹریفک کی نگرانی کے لیے لگائے گئے سیف سٹی کیمرے بھی غیر مؤثر دکھائی دے رہے ہیں، کیونکہ انہی کیمروں کے نیچے اوورلوڈ گاڑیاں بے خوف و خطر پارک ہوتی ہیں۔ عوامی و سماجی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی مجرمانہ خاموشی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

شہریوں نے ڈی سی جہلم، ڈی پی او جہلم اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں غیر قانونی پارکنگ کے خاتمے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ ٹریفک کا نظام بہتر ہو اور شہریوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ کیا جا سکے۔

Exit mobile version