ڈپٹی کمشنر جہلم کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق کا تبادلہ، جمخانہ کلب میں الوداعی تقریب کا انعقاد

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم کیپٹن ریٹائرڈ سمیع اللہ فاروق کے جہلم سے ٹرانسفر کے موقع پر جہلم جمخانہ کلب میں الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
جہلم پولیس کی طرف سے شاندار عشائیہ کا اہتمام کیا گیا، الوداعی تقریب میں ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ ، ایس پی انویسٹی گیشن جہلم محمد حسیب راجہ، ڈی ایس پیز، اے ڈی سی جی صباء سحر ، اے ڈی سی آر احسان طارق سمیت تمام اسسٹنٹ کمشنرز، مختلف ادارہ جات کے سربراہان اور صدر چیمبر آف کامرس شریک ہوئے۔
جہلم پولیس کے افسران نے ڈپٹی کمشنر جہلم کی پیشہ ورآنہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کیپٹن ریٹائرڈ سمیع اللہ فاروق کی تعیناتی کو جہلم کا سنہرا دور قرار دیا۔
ڈپٹی کمشنر سمیع اللہ فاروق نے کہا کہ جہلم سے بوجھل دل سے رخصت ہو رہا ہوں۔ جہلم کی عوام ، انتظامیہ اور پولیس نے جو پیار دیا وہ تا حیات یاد رہے گا ، میں تا عمر جہلم کی عوام کا شکر گزار رہوں گا اور یہ رشتہ پوسٹنگ تک نہیں بلکہ تا حیات رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ جہلم پولیس نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ناصر محمود باجوہ صاحب کی قیادت میں جو کامیابیاں سمیٹی ہیں وہ لائق تتحسین ہیں، میں امید کرتا ہوں کہ جہلم کی عوام الناس کے جان و مال کے تحفظ کا مشن جاری رہے گا۔
ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ کیپٹن ریٹائرڈسمیع اللہ فاروق سے بہترین ورکنگ ریلیشن شپ رہی ہے، جہلم کی تاریخ میں آپ کا دور سنہری حروف میں لکھے جانے کے قابل ہے ، ترقیاتی کام، صفائی ستھرائی ، جہلم کی تزئین و آرائش ، محکمہ صحت و تعلیم غرض ہر شعبے میں آپ نے مثالی کام کیا ہے۔
تقریب کے اختتام پر ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ اور دیگر شرکائے تقریب نے ڈپٹی کمشنر کی جہلم کے لئے خدمات کے اعتراف میں جہلم پولیس کی طرف سے سوینئر اور تحائف پیش کئے اور ڈپٹی کمشنر کو ان کے بہتر مستقبل کی نیک تمناؤں کے ساتھ رخصت کیا۔
یاد رہے کہ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق 29 اپریل سے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے 40ویں مڈ کیرئیر مینجمنٹ کورس میں شرکت کیلئے جا رہے ہیں۔



