جہلم میں ای چالان سسٹم کا باقاعدہ آغاز، خلاف ورزی پر چالان گھر ارسال ہوگا

جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں ای چالان سسٹم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے تحت ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر چالان شہریوں کے گھروں میں بذریعہ کوریئر ارسال کیے جائیں گے۔
یہ جدید نظام خودکار طریقے سے خلاف ورزی کی نشاندہی کرتا ہے اور چالان جاری کرتا ہے، جبکہ شہریوں کو ان کے رجسٹرڈ موبائل نمبرز پر بھی اطلاع موصول ہوگی۔
ڈی ایس پی ٹریفک خرم ستی کے مطابق اس نظام کے باقاعدہ نفاذ سے قبل اسے مختلف تجرباتی مراحل سے گزارا گیا، جن میں شہریوں کو وارننگ ٹکٹس اور محدود جرمانے جاری کیے گئے۔ تجرباتی مراحل کی کامیاب تکمیل کے بعد اب یہ نظام مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے۔
جہلم شہر اور ضلع بھر کے اہم مقامات پر جدید کیمرے نصب کیے گئے ہیں، جو آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) اور خودکار نمبر پلیٹ شناختی نظام (ANPR) سے لیس ہیں، تاکہ ٹریفک نظم و ضبط کو بہتر بنایا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق ای چالان کی مقررہ مدت میں ادائیگی نہ کرنے پر شہریوں کو مزید 10 فیصد جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔ شہری اگر چاہیں تو چالان کے خلاف متعلقہ عدالت سے رجوع کر سکتے ہیں اور اس حوالے سے گریڈ 17 کے افسر کے پاس شکایت بھی درج کرا سکتے ہیں۔



