پنڈدادنخان میں سوشل میڈیا پر ناجائز اسلحہ کی نمائش کرنے والا ملزم گرفتار

پنڈدادنخان: پولیس نے سوشل میڈیا پر ناجائز اسلحہ کی نمائش کرنے والے ملزم کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا، جبکہ اس کے قبضے سے ناجائز اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) شفیق احمد چوہدری کی ہدایات پر ایس ایچ او تھانہ پنڈدادنخان اور ان کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر ناجائز اسلحہ کی نمائش کرنے والے ملزم کو ٹریس کر کے گرفتار کیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے، جبکہ اس کے خلاف تھانہ پنڈدادنخان میں مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر اسلحہ کی نمائش قانون کی خلاف ورزی ہے اور ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ معاشرے میں امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ قانون سے بالاتر کوئی نہیں، ناجائز اسلحہ رکھنے، اس کی نمائش کرنے اور اس کی تشہیر کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری رہے گی، جبکہ ضلع میں امن و امان کے قیام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے جہلم پولیس ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔



