جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس کی زیر صدارت ضلع جہلم میں جاری پانچ روزہ پولیو مہم کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے محکمہ صحت کے افسران کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں محکمہ صحت کے افسران نے پولیو مہم کے چار روزہ نتائج پر تفصیلی بریفنگ دی اور پولیو قطرے پلانے کی موجودہ صورتحال پر روشنی ڈالی۔
محکمہ صحت کے افسران نے اجلاس میں بتایا کہ اس مہم میں دو لاکھ 80 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا، اور مہم کے آغاز سے ہی یہ عمل کامیابی سے جاری ہے۔ افسران نے یقین دہانی کرائی کہ مقررہ وقت کے اندر تمام بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے پولیو مہم کی کارکردگی اور محکمہ صحت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ "ضلع جہلم کو پولیو فری بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور کسی بھی بچے کو پولیو کے قطروں سے محروم نہیں ہونے دیا جائے گا۔”
انہوں نے مزید کہا کہ "ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ کوئی بھی بچہ عمر بھر کی معذوری کا شکار نہ ہو، اور اس مقصد کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔”
