جہلم کے تعمیراتی منصوبوں میں خورد برد کیس: فواد چوہدری کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 فروری تک توسیع
اسلام آباد کی احتساب عدالت نے جہلم تا پنڈدادنخان (للِہ) دو رویہ سڑک خرد برد کیس میں سابق وفاقی وزیرِ فواد چوہدری کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 فروری تک توسیع کردی۔
جہلم اپڈیٹس کے مطابق فواد چوہدری کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی عدالت میں پیش کیا گیا، سابق وفاقی وزیر کی جانب سے وکیل قیصر امام اور عامر عباس عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔
جج محمد بشیر کی عدم دستیابی کے باعث کی سماعت ملتوی 14 فروری تک ملتوی اور فواد چوہدری کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 فروری تک توسیع کر دی گئی۔
16 دسمبر کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے للِہ تا جہلم ڈیول کیرج وے منصوبے کیس میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے جبکہ اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے وارنٹ تعمیل کروانے کی اجازت دے دی تھی۔
20 دسمبر کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے پنڈدادنخان، جہلم دو رویہ سڑک کی تعمیر، زمین کی خریداری میں خرد برد سے متعلق کیس میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا 10 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں نیب کی تحویل میں دے دیا تھا۔
30 دسمبر کو عدالت نے پنڈدادنخان، جہلم دو رویہ سڑک کی تعمیر، زمین کی خریداری میں خرد برد سے متعلق کیس میں سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما فواد چوہدری کا 6 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا تھا۔
اس کے بعد 5 جنوری کو سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا 4 روزہ اور 9 جنوری کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا گیا تھا۔
بعد ازاں، 12 جنوری کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے تعمیراتی منصوبوں میں خورد برد کیس میں فواد چوہدری کا مزید 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا۔



