جہلم میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر سخت کریک ڈاؤن، 142 مقدمات درج

جہلم: ضلع جہلم بھر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف پولیس اور ہائی وے پیٹرولنگ پولیس نے بھرپور کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا۔ ضلعی پولیس اور پنجاب ہائی وے پیٹرولنگ پولیس کی جانب سے ماہ مئی کے دوران مجموعی طور پر 142 مقدمات درج کیے گئے۔
ضلعی پولیس نے تیز رفتاری کے 12، اوورلوڈنگ کے 12، ون ویلنگ کے 3 اور ون وے خلاف ورزی کا 1 مقدمہ درج کیا۔ پنجاب ہائی وے پیٹرولنگ پولیس نے 112 مقدمات درج کیے جن میں تیز رفتاری کے 19، اوورلوڈنگ کے 71 اور ون وے کی خلاف ورزی کے 24 مقدمات شامل ہیں۔
حکومت پنجاب کی جانب سے ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے کم عمر بچوں کو گاڑی یا موٹر سائیکل چلانے سے روکیں تاکہ کسی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنا نہایت آسان ہے، لہٰذا بغیر لائسنس گاڑی چلانے سے گریز کریں تاکہ بھاری جرمانوں اور ایف آئی آر سے بچا جا سکے۔ تیز رفتاری، ون ویلنگ، ون وے کی خلاف ورزی اور اوورلوڈنگ پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ٹریفک قوانین پر عمل کر کے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں اور پولیس اہلکاروں کے ساتھ تعاون کریں۔



