جہلم میں روایتی ثقافتی کھیل ’’اکھاڑہ بیل ٹومبی‘‘ 23 مارچ کو منعقد ہوگا، چوہدری واسب حسین گجر

جہلم: پوٹھوہار کے علاقے میں کسانوں کا روایتی اور معروف ثقافتی کھیل ’’اکھاڑہ بیل ٹومبی‘‘ 23 مارچ کو منعقد کیا جائے گا۔

یہ سالانہ اکھاڑہ بزرگ ہستی بابا جادہ سرکار کے 83ویں سالانہ عرس کے موقع پر سجایا جائے گا، جس میں ملک بھر سے شائقین اور کھلاڑیوں کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی سابق وفاقی وزیر قمر زمان کائرہ ہوں گے، جو نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کریں گے۔

گزشتہ 83 برسوں سے تسلسل کے ساتھ منعقد ہونے والا یہ تاریخی اکھاڑہ پوٹھوہار کی ثقافت کا ایک اہم حصہ بن چکا ہے۔ بیل ٹومبی کا یہ مقابلہ کسانوں کے روایتی کھیلوں میں نمایاں مقام رکھتا ہے اور ہر سال عرس کی تقریبات کو چار چاند لگا دیتا ہے۔

اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے اکھاڑہ کے بانی اور جہلم کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت چوہدری واسب حسین گجر نے بتایا کہ پروگرام کے تمام انتظامات تیزی سے مکمل کیے جا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ اکھاڑہ پاکستان کی تاریخ کے قدیم ترین ثقافتی مقابلوں میں شمار ہوتا ہے اور مرحوم حاجی چوہدری فضل داد، مرحوم چوہدری منظور حسین اور مرحوم چوہدری زاکر حسین کی یاد کو ہر سال تازہ کرتا ہے، جنہوں نے اپنی زندگیاں اس روایت کے فروغ کے لیے وقف کیے رکھیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پروگرام کی میزبانی مرحوم حاجی چوہدری نیک محمد کے پوتے حاجی چوہدری عبدالحفیظ گجر کریں گے، جبکہ علاقے کے عمائدین اور معززین کی بڑی تعداد کی شرکت بھی متوقع ہے۔

علاقہ مکینوں کے مطابق اکھاڑہ بیل ٹومبی نہ صرف پوٹھوہار کے ثقافتی ورثے کی علامت ہے بلکہ دیہی کھیلوں کے فروغ اور نئی نسل کو اپنی روایات سے جوڑے رکھنے کا ایک مؤثر ذریعہ بھی ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button