جہلم میں منافع کمانے کا لالچ منی ایکسچینج کے کیشئر کو لے ڈوبا، نامعلوم شخص لاکھوں روپے لے کر فرار

جہلم: چوروں کو پڑ گئے مور، منی ایکسچینج سے غیر ملکی کرنسی چوری کرنے والے کیشئر کے ساتھ ہاتھ ہوگیا، نامعلوم شخص کیشئر سے لاکھوں روپے مالیت کی کرنسی لے کر فرار ہو گیا، پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق جہلم میں نجی منی ایکسچینج سے غیر ملکی کرنسی چوری کر کے منافع کمانے کا لالچ کیشئر کو لے ڈوبا۔ سوہاہ کے رہائشی منی ایکسچینج کے کیشئر نوید جاوید نے منی ایکسچینج کی جہلم برانچ کے والٹ سے نو ہزار یورو کے برابر رقم چوری کر کے نامعلوم شخص سےغیر ملکی کرنسی خرید کر ناجائز منافع کمانے کی کوشش کی لیکن نامعلوم شخص ساری رقم لے کر فرار ہو گیا۔

ایف آئی آر متن کے مطابق ملزم نوید جاوید نے منی ایکسچینج کے ہیڈ آف کوآرڈینیٹر سید حسن عسکری کو میسج کر کے بتایا کہ وہ نوہزار یورو کے برابر کمپنی کی رقم والٹ سے لے کر کسی شخص کے ساتھ غیر ملکی کرنسی کی خریدوفروخت کے لئے ڈیل کرنا چاہتا تھا لیکن نامعلوم شخص رقم لے کر فرار ہو گیا ہے۔

ایف آئی آر متن کے مطابق منی ایکسچینج کے ہیڈ آف کوآرڈینیٹر نے جب برانچ کا کیش والٹ چیک کیا تو 210 سعودی ریال، ایک ہزار برطانوی پاؤنڈز اور 28 لاکھ روپے غائب تھے۔ کیش والٹ سے چوری ہونے والی رقم پاکستانی اور غیر ملکی جو کہ 32 لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے۔

تھانہ سٹی پولیس نے کمپنی کے ہیڈ آف کوآرڈینیٹر سید حسن عسکری کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button