اقلیتوں کے احساس محرومی کا خاتمہ اولین ترجیح ہے، صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑا

جہلم: صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور پنجاب سردار رمیش سنگھ اروڑا نے جہلم کا دورہ کیا اور کرسچن کالونی میں قائم اٹرنل چرچ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

چرچ پہنچنے پر کرسچن برادری نے صوبائی وزیر کا پرتپاک اور والہانہ استقبال کیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کی ضلعی تنظیم کے نمائندوں، مقامی مذہبی رہنماؤں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔

افتتاح کے بعد مقامی ہال میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار رمیش سنگھ اروڑا نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے اقلیت دوست ویژن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ کی قیادت میں صوبائی حکومت اقلیتوں کے احساس محرومی کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ “وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی اولین ترجیح اقلیتوں کے مساوی حقوق کی فراہمی اور ان کے مسائل کا حل ہے۔”

صوبائی وزیر نے بتایا کہ پنجاب میں تاریخ کا سب سے بڑا سوشل سیفٹی نیٹ اقلیتوں کے لیے متعارف کرایا گیا ہے، جس کے تحت 75 ہزار اقلیتی خاندانوں کو “منارٹی کارڈ” جاری کیے جا رہے ہیں۔ اس کارڈ کے ذریعے اقلیتی خاندان مختلف فلاحی منصوبوں اور مالی امداد سے مستفید ہو سکیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گرجا گھروں، مندروں اور گردواروں کی بحالی اور تزئینِ نو کا کام تیزی سے جاری ہے، جبکہ اقلیتی عبادت گاہوں کی حفاظت وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی اولین ترجیح ہے۔ اسی طرح تاریخ کا سب سے بڑا لٹریسی پروگرام بھی وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق شروع کیا گیا ہے تاکہ اقلیتی نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم اور سول سروسز میں مساوی مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

سردار رمیش سنگھ اروڑا نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف خود اقلیتی برادری کے مذہبی تہواروں جیسے ایسٹر، بیساکھی اور دیوالی کی تقریبات میں شرکت کرتی ہیں، جو ان کے اقلیت دوست ویژن کی واضح عکاسی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا پیغام ہے کہ اقلیتیں پاکستان کی برابر کی شہری ہیں، اور پاکستان کا آئین ہر شہری کو مساوی حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔”

تقریب میں کرسچن برادری کے مذہبی رہنما پاسٹر شہزاد عارف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل تحفظ حاصل ہے اور حکومت ان کے حقوق کی فراہمی کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے اقدامات سے اقلیتوں میں اعتماد بحال ہو رہا ہے، اور جہلم میں چرچ کا قیام اس سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button