جہلم میں نیند میں چلنے والا شخص ہائی وولٹیج تاروں سے جا ٹکرایا، بری طرح جھلس کر شدید زخمی

جہلم میں نیند میں چلنے کی عادت ایک شخص کے لیے خطرناک حادثے کا باعث بن گئی۔

تفصیلات کے مطابق روہتاس روڈ چتن کے علاقے میں چھت پر سویا ہوا ایک شخص نیند کی حالت میں چلتے ہوئے قریب سے گزرنے والی ہائی وولٹیج بجلی کی تاروں سے جا ٹکرایا، جس کے نتیجے میں اسے بجلی کا شدید جھٹکا لگا اور وہ بری طرح جھلس کر شدید زخمی ہو گیا۔

عینی شاہدین کے مطابق متاثرہ شخص گھر کی چھت پر سو رہا تھا اور اسے نیند میں چلنے کی عادت تھی۔ نیند کی حالت میں چلتے ہوئے وہ چھت پر موجود ہائی وولٹیج بجلی کی تاروں کے قریب پہنچ گیا اور اچانک تاروں سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں اسے بجلی کا شدید کرنٹ لگا اور وہ بری طرح جھلس گیا۔

ریسکیو 1122 کے مطابق ہائی وولٹیج بجلی کے شدید جھٹکے کے باعث متاثرہ شخص کا جسم تقریباً 36 فیصد جھلس گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی اور متاثرہ شخص کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔

ریسکیو اہلکاروں نے ابتدائی طبی امداد کے بعد متاثرہ شخص کو مزید علاج کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم منتقل کر دیا، جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

↑
Exit mobile version