جہلم/ سوہاوہ: حلقہ پی پی 24 سے نومنتخب ایم پی اے سید رفعت محمود زیدی نے حلقے کے مسائل کو پنجاب اسمبلی میں اٹھادیا جس میں پانی، واٹرسپلائی، ڈومیلی کالج میں پروفیسر کی کمی، سڑکوں کی تعمیرات، سوہاوہ اور دینہ کیلئے نہر شامل ہے۔
تفصیلات کے مطابق حلقہ پی پی 24 سے سنی اتحاد کونسل کے رکن پنجاب اسمبلی سید رفعت محمود زیدی نےمنتخب ہونے کے بعد پہلی بار پنجاب اسمبلی میں اپنے حلقے کی عوام کے لیے آواز بلند کر دی۔
انہوں نے حلقہ کی عوام کو جو مشکلات تھی ان کو بیان کیا اور کہا کہ پاکستان کا دوسرے بڑے ڈیم منگلا سے آدھا پنجاب سیراب ہو رہا ہے اور اس سے نہریں نکل رہی ہیں، ان نہروں سے ایک نہر دینہ اور سوہاوہ کو دی جائے جس سے ہمارے مزدور کسانوں کے لیے روزگار بن سکے۔
رفعت محمود زیدی نے کہا کہ ہمارے حلقے کی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جس کی وجہ سے آئے روز حادثات پیش آ رہے ہیں۔ ڈومیلی سمیت حلقہ کے دیگر کالجوں میں سٹاف کی کمی ہے اس کو پورا کیا جائے۔ میونسپل کمیٹی سوہاوہ کی واٹر سپلائی سکیم سے شہریوں کو پانی نہیں مل رہا اور میونسپل کمیٹی بل وصول کر رہا ہے۔
انہوں نے الیکشن کے دوران عوام کے لیے 300 یونٹ فری بجلی کی فراہمی کے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وعدے سے متعلق جواب بھی طلب کیا۔
ایم پی اے سید رفعت محمود زیدی کا کہنا تھا کہ جس طرح میرے حلقے کی عوام نے جو مجھے مینڈیٹ دیا، ان شاء اللہ اسی طرح اپنے حلقہ کی عوام کی خدمت کروں گا۔
سید رفعت محمود زیدی نے اپنے حلقہ کی عوام کا اسمبلی میں بھی شکریہ ادا کیا۔
