جہلم میں یوم آزادی کی تیاریاں عروج پر، شہر قومی رنگوں میں رنگ گیا

جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں 14 اگست یومِ آزادی کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔
شہری قومی جوش و جذبے سے سرشار ہو کر جشنِ آزادی کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ ڈپٹی کمشنر سید محمد میثم عباس کی ہدایات پر تقریبات کے سلسلے میں بھرپور انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
دفتر ڈپٹی کمشنر، ضلع کونسل آفس، میونسپل کمیٹی آفس، ایکسائز آفس، سول لائن روڈ، شاندار چوک اور اولڈ جی ٹی روڈ کو قومی پرچموں، برقی قمقموں اور پینا فلیکسز سے خوبصورت انداز میں سجا دیا گیا ہے، جو وطن سے محبت اور حب الوطنی کے جذبے کی عکاسی کر رہا ہے۔ شہر میں ہر طرف جشنِ آزادی کا سماں ہے۔
ڈپٹی کمشنر سید محمد میثم عباس نے اپنے پیغام میں کہا کہ 14 اگست ہمیں آزادی کے لیے دی جانے والی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ یہ دن اتحاد، یگانگت اور امن کا پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ صفائی، نظم و ضبط اور قومی پرچم کی حرمت کا خاص خیال رکھتے ہوئے یومِ آزادی کو شایانِ شان طریقے سے منائیں۔



