آٹے کی قیمتوں میں اضافہ، غریب اور سفید پوش طبقہ شدید مشکلات کا شکار

جہلم: بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث جہلم میں کم آمدنی والا غریب اور سفید پوش طبقہ شدید مشکلات کا شکار ہے، جبکہ معیاری آٹے کی قیمتوں میں کمی کا منتظر ہے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے غریب اور متوسط طبقے کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ عام دکانوں اور مارکیٹوں میں معیاری آٹا عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوتا جا رہا ہے، جبکہ کم معیار کے آٹے کی فروخت پر بھی مؤثر نگرانی نظر نہیں آ رہی۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے موجودہ دور میں روزمرہ استعمال کی بنیادی اشیاء کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ پہلے ہی گھریلو بجٹ کو متاثر کر رہا ہے، ایسے میں آٹے کی قیمتوں میں اضافہ غریب خاندانوں کے لیے مزید مشکلات کا باعث بن رہا ہے۔
شہریوں کے مطابق سرکاری سطح پر چیک اینڈ بیلنس کا نظام مؤثر نہ ہونے کے باعث دکاندار مبینہ طور پر 5 کلو آٹے کا بیگ 900 سے 1000 روپے تک فروخت کر رہے ہیں۔
عوامی حلقوں نے حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ آٹے کی قیمتوں اور معیار کی مؤثر نگرانی کے لیے چیک اینڈ بیلنس کا نظام مزید فعال بنایا جائے اور زائد نرخ وصول کرنے والے دکانداروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے تاکہ شہریوں کو معیاری آٹا مناسب قیمت پر دستیاب ہو سکے۔



