جامعہ صدیقیہ قادریہ ڈومیلی کا اعزاز؛ قاری محمد اسحاق فاروقی کی صاحبزادی کی اسلامی کیلیگرافی مقابلے میں پہلی پوزیشن

سوہاوہ کے علاقہ ڈومیلی کی معروف دینی درسگاہ جامعہ صدیقیہ قادریہ مدنی جامع مسجد محلہ شمالی ڈومیلی کی معلمہ اور خادم القرآن مولانا قاری محمد اسحاق فاروقی کی صاحبزادی نے اسلامی فن کیلیگرافی کے مقابلے میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے تحصیل سوہاوہ کی سطح پر اول پوزیشن حاصل کر لی۔

حکومت پنجاب کی ہدایت پر اور اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر کی زیرِ نگرانی گزشتہ دنوں نجی مارکی جی ٹی روڈ سوہاوہ میں ماہِ ربیع الاول کی مناسبت سے سیرت النبی ﷺ کانفرنس اور پیغامِ پاکستان کے عنوان سے ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی۔

تقریب میں مقررین کے خطابات کے ساتھ ساتھ طلبہ و طالبات کے درمیان نعت شریف، کیلیگرافی اور پینٹنگ کے مقابلے بھی کروائے گئے۔ شاندار کارکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کے لیے سرٹیفکیٹس اور کیش پرائزز تقسیم کیے گئے۔

اسلامی کیلیگرافی کے مقابلے میں تحصیل لیول پر اول پوزیشن مولانا قاری محمد اسحاق فاروقی کی صاحبزادی ڈومیلی نے اپنے نام کی۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر، ڈی ایس پی سوہاوہ اکرام اللہ نیازی، ممبران ضلعی امن کمیٹی صاحبزادہ قاری محمد نعمان فاروقی اور قاری عصمت اللہ سیالوی، سابق ایم پی اے مسلم لیگ (ن) راجہ اویس خالد، محکمہ تعلیم کے افسران، ضلعی انتظامیہ کے نمائندگان سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

شرکاء نے پوزیشن حاصل کرنے والی طالبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی نہ صرف جامعہ صدیقیہ قادریہ کے لیے باعثِ فخر ہے بلکہ ڈومیلی کی دینی و علمی درسگاہوں کے لیے بھی ایک روشن مثال ہے۔

Exit mobile version