پاسپورٹ بنوانے کے خواہشمند افراد کیلئے بُری خبر

پاسپورٹ بنوانے کے خواہشمند افراد کیلئے بُری خبر آ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی آئی پی) نے درخواستوں میں بڑے پیمانے پر اضافے کی وجہ سے پاسپورٹ کی ترسیل کے وقت میں اضافہ کر دیا ہے کیونکہ ملک کے موجودہ معاشی حالات کی وجہ سے پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد بیرون ملک جانے کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔
اس سے قبل پاسپورٹ کی ترسیل کے لیے 10 دن، فوری بنوانے کے لیے چار دن اور فاسٹ ٹریک کے لیے دو دن لگتے تھے۔
لیکن اب عام پاسپورٹ کی ترسیل میں 21 دن جبکہ فوری پاسپورٹ بنوانے کے لیے 5 دن لگیں گے۔
اتھارٹی نے فاسٹ ٹریک کیٹیگری کے لیے ترسیل کے وقت میں کوئی تبدیلی نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ڈی جی آئی پی کا کہنا ہے کہ عوام مقررہ دفتری اوقات کی پابندی کریں کیونکہ دفتری اوقات کے بعد کوئی درخواست قبول نہیں کی جائے گی۔
ملک بھر میں پاسپورٹ دفاتر پیر سے جمعرات صبح 8:00 بجے سے دوپہر 1:00 بجے تک اور جمعہ کو صبح 8:00 بجے سے دوپہر 12:00 بجے تک کھلے رہیں گے۔



