سوہاوہ میں غیرت کے نام پر قتل کرنے والا اشتہاری مجرم 10 سال بعد گرفتار

سوہاوہ میں غیرت کے نام پر قتل کرنے والا اشتہاری مجرم 10 سال بعد لاہور سے گرفتار کر لیا گیا، ملزم نے اعتراف جرم کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں 10 سال قبل غیرت کے نام پر قتل کرنے والے اشتہاری مجرم زاہد کو ایس ایچ او تھانہ سوہاوہ محمد عمران اور ان کی ٹیم نے لاہور سے گرفتار کر کے آلہ قتل برآمد کر لیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اشتہاری مجرم زاہد مارچ 2014کو مقتول ذوالفقار کو فائرنگ کر کے قتل کردیا تھا، مقتول ذوالفقار کے بھائی نے ملزم کی بہن سے پسند کی شادی کی تھی جس کا ملزم کو رنج تھا۔

پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ مجرم گرفتاری سے بچنے کے لیے روپوش ہوگیا تھا، ملزم زاہد قتل کی واردات کے بعد مختلف ممالک میں روپوش رہا۔

تھانہ سوہاوہ پولیس نے ملزم سے آلہ قتل 12بور رپیٹر بندوق بھی برآمد کر لی ہے۔ ملزم نے قتل کا اعتراف کر لیا، ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔

Exit mobile version