جہلم: ڈاکٹر فواد مجید چوہدری نے کہا ہے کہ موجودہ شدید گرمی کی لہر کے پیش نظر شہریوں کو زیادہ سے زیادہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئیں، بصورت دیگر لاپرواہی جان لیوا بھی ثابت ہو سکتی ہے۔
ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال جہلم کے میڈیکل اسپیشلسٹ ڈاکٹر فواد مجید چوہدری نے جہلم پریس کلب کے نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گرمی سے بچاؤ کے لیے ضروری ہے کہ شہری غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، سر کو ڈھانپ کر رکھیں اور ٹھنڈے مشروبات و صاف پانی کا استعمال زیادہ کریں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ شدید گرمی میں احتیاط نہ برتنے کی صورت میں ہیٹ اسٹروک، ہیٹ ایگزاسٹ، اور سن برن جیسے خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ علامات میں سر کا چکرانا، شدید پسینہ آنا، بار بار پیاس لگنا، بے ہوش ہونا، جلد کا سرخ یا خشک ہو جانا یا پسینے کا رک جانا شامل ہیں۔ ایسی صورت میں فوری طور پر قریبی سرکاری اسپتال سے رجوع کرنا چاہیے۔
ڈاکٹر فواد مجید چوہدری نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ چائے اور کافی کے استعمال سے گریز کریں، ٹھنڈی اور سایہ دار جگہوں پر زیادہ وقت گزاریں، اور رش والے بازاروں میں جانے سے حتی الوسع اجتناب کریں تاکہ گرمی سے محفوظ رہا جا سکے۔
