دینہ کی لڑکی سے مبینہ جنسی زیادتی اور بلیک میل کرنے والا ریسکیو اہلکار گرفتار

جہلم: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ریڈ لائن ویژن کے تحت چیف منسٹر شکایات سیل نے دینہ کی رہائشی لڑکی کی شکایت پر تیز رفتار ایکشن لے لیا۔
جہلم کی تحصیل دینہ کی لڑکی(م) کی طرف سے مبینہ ہراسگی کی شکایت پر منڈی بہاؤالدین کے علاقے ملکوال کے رہائشی گلفام نامی ریسکیو اہلکارکو معطل کر کے گرفتار کرلیاگیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے شکایت سیل کی ٹیم اور پولیس کو شاباش دی۔
دینہ کی رہائشی لڑکی (م) نے ریسکیو اہلکار پرجنسی زیادتی، بلیک میلنگ اور نوکری دلوانے کے جھوٹے وعدے پر رقم وغیرہ بٹورنے کے الزامات عائد کیے۔ چیف منسٹر شکایات سیل نے دینہ کی رہائشی لڑکی کی شکایت پر فوری ایکشن لیا۔ منڈی بہاؤالدین کے تھانہ ملکوال میں ریسکیو اہلکار کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
چیئرمین وزیر اعلیٰ شکایت سیل شعیب مرزا نے متعلقہ حکام کو فوری کارروائی کی ہدایت کی اور ملزم کو سرکاری ملازمت سے معطل کردیا۔ فوری گرفتاری کے بعد قانونی کارروائی شروع کردی گئی۔



