جہلم میں شدید بارشوں اور ممکنہ سیلاب کا خدشہ، ضلعی انتظامیہ نے الرٹ جاری کر دیا

جہلم: وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ جہلم نے شہریوں کو شدید بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے حوالے سے وارننگ جاری کر دی ہے۔

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق آئندہ دنوں میں شدید بارشوں کا امکان ہے جس کے باعث نالہ گہان، نالہ بہناں اور دیگر برساتی نالوں میں طغیانی کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

اس سلسلے میں انتظامیہ نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ بروقت احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور اپنی قیمتی جان و مال کو محفوظ بنانے کے لیے محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔

ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے ہدایت کی ہے کہ ندی نالوں کے قریب آباد شہری فوری طور پر نقل مکانی کریں تاکہ کسی بھی قسم کے جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ضروری اعتراضات یا تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، ضلعی انتظامیہ ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے تاہم عوام کا تعاون نہایت ضروری ہے۔

انتظامیہ کے مطابق بارشوں کے دوران بجلی کے کھمبوں اور کھلے تاروں سے دور رہیں، نشیبی علاقوں میں جانے سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ضلعی کنٹرول روم سے رابطہ کریں۔

ضلعی انتظامیہ جہلم نے کہا ہے کہ شہری افواہوں پر کان نہ دھریں اور صرف سرکاری ہدایات پر عمل کریں تاکہ ممکنہ نقصان سے محفوظ رہا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button