سوہاوہ: دار ارقم اسکول ڈومیلی کیمپس میں ایک روزہ “پاکستان کلچر اور سائنسی ماڈلز” کی شاندار نمائش کا انعقاد کیا گیا۔
اس نمائش میں طلبہ و طالبات نے اپنی تخلیقی، تعلیمی اور سائنسی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ نمائش میں اساتذہ کی رہنمائی میں تیار کیے گئے 70 سے زائد سائنسی و تعلیمی ماڈلز پیش کیے گئے، جنہیں شرکاء نے بے حد سراہا۔
دارِ ارقم اسکول ڈومیلی کیمپس میں منعقدہ اس نمائش میں ثقافتی اسٹالز کے ذریعے پاکستان کے چاروں صوبوں کے روایتی کھانے، لباس اور طرزِ زندگی کو نمایاں کیا گیا۔ سائنسی ماڈلز میں نظامِ شمسی، کمپیوٹر، میڈیکل سائنس، ماحولیات اور روزمرہ زندگی میں سائنس کے عملی استعمال پر مبنی منصوبے شامل تھے، جنہوں نے بچوں کی سائنسی سوچ اور تخلیقی اپروچ کو اجاگر کیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر دارِ ارقم اسکول ڈومیلی عرفان شہزاد نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔ نمائش کا معائنہ کرنے والے وفد میں یحییٰ عبدالعزیز، حبیب رضا بٹ اور نصرت اللہ بخاری شامل تھے، جنہوں نے طلبہ کے اعتماد، محنت اور تخلیقی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے اساتذہ کی رہنمائی کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
تقریب میں والدین اور علاقے کی دیگر معزز شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ والدین نے بچوں کی محنت اور 70 سے زائد منصوبہ جات کی تیاری کو اسکول کے اعلیٰ تعلیمی معیار اور مثبت تعلیمی ماحول کا مظہر قرار دیا۔
شرکاء کا کہنا تھا کہ یہ نمائش بچوں میں سائنسی سوچ، تخلیقی صلاحیت اور ثقافتی شعور کو فروغ دینے کی ایک کامیاب اور بامقصد کوشش ثابت ہوئی، جو مستقبل میں طلبہ کی ہمہ جہت تربیت میں اہم کردار ادا کرے گی۔
