دینہ: پاک فوج کے شہداء اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے پیدل سفر کرنے والے شخص کا دینہ پہنچنے پر شاندار استقبال، اسسٹنٹ کمشنر دینہ سعدیہ حسین ڈوگر سمیت دیگر انتظامیہ نے استقبال کیا،پھولوں کے گلدستے پیش کیے اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں،پاک فوج زندہ باد کے نعرے۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے اوکاڑہ سے راولپنڈی جی ایچ کیو تک ساڑھے چارسو کلو میٹر پیدل سفر کرنے والا حافظ ارشاد احمد کا ہفتہ کے روز دینہ پہنچنے پر اسسٹنٹ کمشنر دینہ سعدیہ حسین ڈوگر،چیف آفیسر میونسپل کمیٹی دینہ گلشن نورین،تحصیلدار دینہ عرفان خالداور میونسپل کمیٹی دینہ کے عملہ سمیت شہریوں کی کثیر تعداد نے شاندار استقبال کیا۔
مین چوک جی ٹی روڈ پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے ہوئے پھولوں کے گلدستے پیش کیے گئے، پیدل سفر کرنے والے حافظ ارشاد کی سیکورٹی کے انتظامات سخت ترین انتظامات دیکھنے میں آئے۔
اس موقع پر پیدل سفر کرنے والے حافظ ارشاد کا کہنا تھا کہ میں اسسٹنٹ کمشنر دینہ سعدیہ حسین ڈوگر سمیت دیگر انتظامیہ کا مشکو ر ہوں جس طرح انھوں نے میرا استقبال کیا،میرا مقصد شہدائے پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنا ہے،ہمارے محافظ جو 24گھنٹے ہماری حفاظت کے لئے موجود ہوتے ہیں ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ آج 9دن میں دینہ پہنچا ہوں انشا اللہ 12دنوں میں جی ایچ کیو راولپنڈی پہنچ جاؤں گا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر دینہ سعدیہ حسین ڈوگر نے کہا کہ ہم ان کے جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں ان کے سفر کا مقصد خصوصاً شہدائے پاکستان کو سلام پیش کرنا ہے ہمارا بھی فرض بنتا ہے کہ ان کا والہانہ استقبال کریں اور اسی مقصد کے لئے ہم سب اکھٹا ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ساڑھے چار سو کلو میٹر پیدل سفر کرنے والے شخص کو سلام پیش کرتے ہیں جس کا مقصد صرف اپنے شہداء کو خراج تحسین پیش کرنا،ہمارا فرض بنتا ہے کہ ایسے شخص کا والہانہ استقبال کیا جائے، آج دینہ کی انتظامیہ نے اس کا استقبال کیا ہے۔
