پنڈدادنخان میں صفائی اور نکاسی آب کا مسئلہ، اسسٹنٹ کمشنر کا شہر کا دورہ، صفائی کے کام کا جائزہ لیا

پنڈدادنخان: جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں صفائی اور نکاسی آب کی ناقص کارکردگی، میڈیا کی خبر پر ایکشن، اسسٹنٹ کمشنر نادیہ پروین نے شہر کا دورہ کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے شہر میں صفائی کا کام شروع کروا دیا۔

اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان محلہ کوٹ کلاں ملحقہ واٹر ٹینک کی گلیوں میں بارش کے کھڑے پانی کی نکاسی اور میونسپل کمیٹی کے عملہ کی طرف سے صفائی ستھرائی کے لئے جاری کام کو جائزہ لینے کیلئے آئیں تو انکے ہمراہ چیف آفیسر بلدیہ ارباب عارف اور اسسٹنٹ چیف آفیسر ملک اکبر بھی تھے۔

اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان نادیہ پروین نے کہا کہ پنڈدادنخان شہر میں مسائل کے انبار ہیں۔ نئے تعینات ہونے والے آفیسر کے پاس کوئی جادو کی چھڑی نہیں ہوتی جو انہیں ایک دن میں حل کردے۔ ہم میونسپل کمیٹی کے محدود وسائل کے باوجود انہیں حل کرنے کی کوشش کریں گے۔

اس موقع پر تحصیل پریس کلب پنڈدادنخان کے سیکرٹری انفارمیشن وسیم وصی نے پٹرولیم مصنوعات میں واضح کمی کے باوجود ٹرانسپورٹروں کی طرف سے کرایوں کی مد میں من مانیوں سمیت شہر بھر میں آوارہ جانوروں کی مٹر گشت جن سے روڈ ایکسیڈنٹ کے خدشات سمیت سٹی ویلفیئر کونسل پنڈدادنخان کی طرف سے چوک محمدیہ سے جنرل بس اسٹینڈ تک دو رویہ سڑک کے درمیان لگائی گئی قیمتی پودوں کو نقصان کے خدشے بارے تفصیلات سے آگاہ کیا۔

اسسٹنٹ کمشنر نادیہ پروین نے دورہ کے دوران محلہ کوٹ کلاں میں واقع متنازعہ پلاٹ پر کوڑے کے ڈھیر دیکھ کر عوامی بے حسی پر بھی حیرت کا اظہار کیا کہ عوام کو اپنی اخلاقی ذمہ داری کا بھی احساس ہونا چاہئے کہ فلتھ ڈپو ہونے کے باوجود وہ یا تو رات گئے کوڑا سڑکوں پر پھینک دیتے ہیں یا پھر نزدیک ترین سفیدہ پلاٹ کواستعمال کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام مسائل کے حل کیلئے وقت درکار ہے، ہم اپنی ٹیم کے ساتھ نیک نیتی سے کوشش کر رہے ہیں جس میں عوامی تعاون بہت ضروری ہے۔ ٹرانسپورٹروں کی من مانیوں بارے انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر ایچ آر جہلم کو لیٹر لکھنے کی یقین دہانی کرائی۔

بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان نادیہ پروین نے کمپیوٹر اراضی سینٹر پنڈدادنخان کا دورہ بھی کیا۔

Exit mobile version