جہلم میں ایمرجنسی 15 کی کال پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے شاہراہِ عام پر تیز رفتاری اور ون ویلنگ کرنے والے موٹر سائیکل سوار کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے اس کی موٹر سائیکل بھی قبضہ پولیس میں لے لی۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق تھانہ سول لائنز پولیس کو ایمرجنسی 15 پر اطلاع موصول ہوئی کہ ایک موٹر سائیکل سوار شاہراہِ عام پر انتہائی تیز رفتاری سے موٹر سائیکل چلا رہا ہے اور ون ویلنگ کر کے خطرناک انداز میں ڈرائیونگ کر رہا ہے۔
اطلاع موصول ہوتے ہی ایس ایچ او تھانہ سول لائنز اور پولیس ٹیم نے فوری رسپانس دیتے ہوئے کارروائی کی اور تیز رفتاری و ون ویلنگ کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزم کی موٹر سائیکل بھی قبضہ میں لے لی جبکہ اس کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق شاہراہِ عام پر ون ویلنگ اور تیز رفتاری نہ صرف خود موٹر سائیکل سوار کی جان کے لیے خطرہ ہے بلکہ دیگر شہریوں اور سڑک پر سفر کرنے والے افراد کے لیے بھی حادثات کا باعث بن سکتی ہے، اس لیے ایسی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
جہلم پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ شاہراہِ عام پر ون ویلنگ، تیز رفتاری یا کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کے متعلق فوری طور پر ایمرجنسی 15 پر اطلاع دیں۔ پولیس کے مطابق اطلاع دینے والے شہری کا نام اور شناخت مکمل طور پر صیغۂ راز میں رکھی جائے گی۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور شاہراہوں پر ٹریفک قوانین کی پابندی یقینی بنانے کے لیے قانون شکن عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے شہریوں پر بھی زور دیا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور خطرناک ڈرائیونگ یا دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کی بروقت اطلاع پولیس کو دیں۔
