دینہ میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری، سبزی منڈی میں 120 سے زائد ٹھیے مسمار

دینہ: جی ٹی روڈ پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر دینہ سعدیہ حسین ڈوگر کی قیادت میں صبح سویرے سبزی فروٹ منڈی میں آپریشن کیا گیا جس کے دوران جی ٹی روڈ پر قائم سبزی منڈی میں 120 سے زائد ٹھیے مکمل طور پر مسمار کر دیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق دینہ میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر مسلسل چار پانچ روز سے غیر قانونی تجاوزات کے خلاف آپریشن کا سلسلہ زو ر و شور سے جاری ہے۔ آج صبح سویرے جی ٹی رود پر قائم سبزی فروٹ منڈی میں آپریشن کیا گیا جس سے 120سے زائد ٹھیوں کو مکمل طور پر مسمار کر دیا گیا۔

اسسٹنٹ کمشنر دینہ سعدیہ حسین ڈوگر کی قیادت میں صبح آپریشن کا آغاز کیا گیا ، ہیوی مشینری کے ساتھ سبزی فروٹ منڈی کے ٹھیوں کو مسمار کیا گیا اور پختہ تھڑوں کو توڑا گیا ۔ آپریشن کے دوران ایس ایچ او تھانہ دینہ سید احسان شاہ ، سول ڈیفنس کی ٹیم ، ریسکیو 1122کا عملہ ، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی گلشن نورین ، ایم او آئی سہیل اشرف ، محمد قاسم ، میاں سہیل سمیت میونسپل کمیٹی کا عملہ موجود تھا۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر دینہ سعدیہ حسین ڈوگر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "یہ آپریشن بلا تفریق کیا جا رہا ہے اور کسی قسم کی رعایت نہیں دی جا رہی۔ تاہم متاثرہ افراد کے روزگار کا بھی خیال رکھا گیا ہے۔ ان کے لیے متبادل جگہ کا تعین کر لیا گیا ہے، جہاں ایک خوبصورت ریڑھی بازار قائم کیا جائے گا۔ سب کو ہماری مقرر کردہ ہدایات کے مطابق منڈی لگانے کی اجازت دی جائے گی۔”

انہوں نے مزید کہا کہ آپریشن کا مقصد جی ٹی روڈ پر ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانا اور تجاوزات کے مسئلے کو مستقل طور پر ختم کرنا ہے۔ انتظامیہ اس سلسلے میں تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے تاکہ شہریوں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button