کرپٹ اور بداخلاق سرکاری افسران کی شامت آگئی، نئی ایپ کیسے استعمال کی جائے؟

جہلم: پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) نے شہریوں کو کرپٹ، بد اخلاق یا اختیارات کے ناجائز استعمال میں ملوث سرکاری اہلکاروں کے خلاف شکایات درج کرانے کے لیے "آسک پیرا” موبائل ایپ کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔

حکام کے مطابق آسک پیرا ایک جدید ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے جس کے ذریعے شہری فیلڈ میں فرائض انجام دینے والے پیرا اہلکاروں کے غیر مناسب رویے، بدسلوکی، غیر اخلاقی طرز عمل یا اختیارات کے غلط استعمال سے متعلق شکایات براہِ راست درج کرا سکتے ہیں۔

پیرا حکام کا کہنا ہے کہ اس ایپ کا مقصد شہریوں کو ایک آسان، شفاف اور مؤثر نظام فراہم کرنا ہے تاکہ وہ کسی بھی شکایت کو فوری طور پر متعلقہ حکام تک پہنچا سکیں اور اس پر بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔

اعلامیے کے مطابق پنجاب بھر کے شہری اینڈرائیڈ پلے اسٹور سے "آسک پیرا” ایپ ڈاؤن لوڈ کر کے چند آسان مراحل کے ذریعے اپنی شکایات موبائل فون سے ہی جمع کرا سکتے ہیں۔

حکام نے بتایا کہ ایپ کے ذریعے موصول ہونے والی شکایات کا فوری جائزہ لیا جائے گا اور حقائق کی روشنی میں ضروری کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ عوامی اعتماد کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

پیرا کے مطابق یہ اقدام شفاف طرزِ حکمرانی، عوامی فلاح اور ادارہ جاتی احتساب کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ اس کا بنیادی مقصد احتساب کے نظام کو مضبوط بنانا، سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانا اور ہر شہری کے وقار اور حقوق کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔

پیرا حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف مستند اور حقائق پر مبنی شکایات درج کریں تاکہ مؤثر احتساب اور بہتر عوامی خدمات کے حصول میں مدد مل سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button