دینہ: پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 کی جانب سے جہلم کی تحصیل دینہ کے بوائے اسکاؤٹس کے لیے ایک روزہ فرسٹ ایڈ ٹریننگ (ابتدائی طبی امداد تربیتی کورس) کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔
یہ تربیتی سیشن گورنمنٹ ہائیر سکینڈری اسکول دینہ میں منعقد ہوا، جس میں تحصیل بھر کے بوائے اسکاؤٹس نے بھرپور شرکت کی۔ کورس کے دوران ماہر تربیت کاروں نے شرکاء کو مختلف ہنگامی طبی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اہم مہارتیں سکھائیں۔
تربیتی سیشن میں سی پی آر (دل اور پھیپھڑوں کی مصنوعی بحالی)، بلیڈنگ کنٹرول (خون کے شدید بہاؤ کو روکنے کے طریقے)، اور (FBAO) یعنی سانس کے راستے یا گلے میں پھنسی ہوئی رکاوٹ کو دور کرنے کے مؤثر طریقے شامل تھے۔
ٹریننگ کے دوران بوائے اسکاؤٹس نے خصوصی دلچسپی کا مظاہرہ کیا اور تربیتی عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ شرکاء نے ریسکیو 1122 کی اس کوشش کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ تربیت نہ صرف ان کی ذاتی صلاحیتوں کو بہتر بنائے گی بلکہ مستقبل میں محفوظ معاشرے کے قیام کے لیے ان کے کردار کو بھی مضبوط کرے گی۔
ریسکیو 1122 کی یہ کاوش نوجوانوں کو ہنگامی حالات میں فوری مدد فراہم کرنے کے قابل بنانے اور ان کے شعور میں اضافہ کرنے کی ایک اہم کڑی ہے۔ بوائے اسکاؤٹس نے عزم ظاہر کیا کہ وہ مستقبل میں اپنی تربیت کو عملی جامہ پہنا کر معاشرے کی خدمت کریں گے۔
