جہلم میں ریلوے کالونی کھنڈر کا منظر پیش کرنے لگی، بوسیدہ کوارٹرز ملازمین کی زندگیوں کے لیے خطرہ

جہلم میں واقع پاکستان ریلوے کی رہائشی کالونی مونجوداڑو کا منظر پیش کرنے لگی۔

کالونی میں واقع درجنوں کوارٹرز زمین بوس ہونے کے قریب پہنچ چکے ہیں، جس کے باعث ریلوے ملازمین اور ان کے خاندانوں کی زندگیاں شدید خطرے سے دوچار ہو چکی ہیں۔

ریلوے ملازمین کی تنخواہوں سے ہر ماہ باقاعدگی سے پانچ فیصد ہاؤس رینٹ کی مد میں کٹوتی کی جا رہی ہے، مگر اس کے باوجود کالونی کی حالت نہایت ابتر ہے۔

یاد رہے کہ لاہور ریلوے اسٹیشن کے قریب حالیہ افسوسناک واقعے میں بوسیدہ کوارٹر کی چھت گرنے سے پوائنٹس مین محمد الطاف اور اس کی چار سالہ بیٹی جان کی بازی ہار گئے، جس پر پریم یونین سی بی اے کے عہدیداروں نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور اسے ریلوے انتظامیہ کی بدترین غفلت قرار دیا۔

یونین رہنماؤں نے کہا ہے کہ ریلوے افسران نے اپنی رہائش گاہوں کو محل نما شکل دے رکھی ہے جبکہ عام ملازمین کو بوسیدہ، خستہ حال اور خطرناک کوارٹرز میں رہنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ ان کوارٹرز کی چھتیں، دروازے، بیت الخلاء، نکاسیٔ آب اور بجلی کی وائرنگ مکمل طور پر ناکارہ ہو چکی ہے۔

ریلوے ملازمین نے وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی اور وزیر مملکت بلال اظہر کیانی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور جہلم ریلوے کالونی کی فوری تزئین و آرائش کو یقینی بنائیں تاکہ ریلوے ملازمین اور ان کے خاندان محفوظ اور باعزت زندگی گزار سکیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button