جہلم: صوبائی اداروں میں کام کرنے والے ملازمین مختلف بیماریوں کا شکار ہونے لگے

جہلم: صوبائی اداروں میں کام کرنے والے ملازمین مختلف بیماریوں کا شکار ہونے لگے، علاج معالجہ نہ ہونے کے باعث بیشتر ملازمین کے موذی امراض میں مبتلا ہونے کی اطلاعات، شہرکی سماجی، رفاعی، فلاحی وشہری تنظیموں کے عمائدین کا سرکاری ملازمین کے میڈیکل ٹیسٹ ،ہیلتھ سکریننگ اور ان کا علاج معالجہ کروانے کامطالبہ۔

تفصیلات کے مطابق جہلم شہرسمیت ضلع بھر میں قائم صوبائی اداروں میں کام کرنے والے ملازمین اپنا بروقت علاج معالجہ نہ کروانے کے باعث مختلف قسم کی بیماریوں کا شکار ہورہے ہیں جس کی بڑی وجہ سرکاری اداروں میں اضافی کام کا بوجھ ،ذہنی تناؤ ،افسران کی ڈانٹ ڈپٹ شامل ہے۔

ذرائع کے مطابق ملازمین میں پائی جانے والی بیماریوں میں بلڈ پریشر ،شوگر ،اعصابی تناؤ ،امراض دل ، یورک ایسڈ اور ہیپاٹائٹس بی اور سی وغیرہ شامل ہیں۔یہی وجہ ہے کہ ریٹائرڈ ہونے سے چند سال قبل یا ریٹائرڈ ہونے کے چند ماہ بعد اللہ کو پیارے ہوجاتے ہیں۔

جہلم شہر کی سماجی، رفاعی، فلاحی وشہر ی تنظیموں کے عمائدین نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری اداروں میں خدمات سرانجام دینے والے ملازمین کو آنے والے بجٹ میں سے صحت کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے سرکاری ہسپتالوں میں الگ سے کاؤنٹر قائم کیے جائیں، جہاں ترجہی بنیادوں پر سرکاری اداروں کے ملازمین ،ان کے والدین اور بیوی بچوں کا معیاری علاج معالجہ ہو سکے۔

Exit mobile version