ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر جہلم انجینئر سعید احمد کا ریسکیو اسٹیشن دینہ اور سوہاوہ کا دورہ

دینہ: سیکرٹری ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر (ستارہ امتیاز) کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر جہلم انجینئر سعید احمد نے ریسکیو اسٹیشن دینہ اور سوہاوہ کا دورہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے محرم الحرام کے سلسلے میں سیکیورٹی و ریسکیو انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور ریسکیو اہلکاروں سے ملاقات کرتے ہوئے ان کی تیاریوں کو سراہا۔
انہوں نے امام بارگاہوں، مجالس اور جلوسوں کے روٹس پر قائم کی گئی ریسکیو پوسٹس کا بھی معائنہ کیا اور موقع پر موجود تحصیل انچارجز کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں فوری امداد ممکن بنائی جا سکے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے دوران ریسکیو 1122 کا عملہ الرٹ رہے گا اور عوام کی خدمت کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو اہلکار عبادت سمجھ کر اپنی ذمہ داریاں انجام دیں تاکہ شہریوں کو بھرپور تحفظ فراہم کیا جا سکے۔



