ہمارے قائدین اور کارکنان کی ملک کیلئے بڑی قربانیاں ہیں، رہنما پاکستان پیپلزپارٹی

بریڈفورڈ: پاکستان پیپلزپارٹی برطانیہ نارتھ زون کے زیر اہتمام سابق وزیراعظم اور بانی پاکستان پیپلز پارٹی ذوالفقار علی بھٹو شہید کی یوم پیدائش کی مناسبت سے ایک تقریب کا انعقاد کیاگیا۔

پیپلز پارٹی نارتھ کے صدر چوہدری ظفر اقبال کی صدارت میں ہونے والی تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی برطانیہ کے صدر محسن باری ، سیکرٹری جنرل اظہر بڑھالوی، پاکستان کے صوبہ سندھ سے آئے ہوئے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما رضوان قریشی سمیت یارکشائر کاؤنٹی کے مختلف شہروں سے پارٹی کارکنوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر پارٹی رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید عوام كی طاقت كی علامت تھے اور ڈکٹیٹرشپ اور ظلم كے خلاف مزاحمت كا كردار تھے، جمہوریت اور عوام كی طاقت کیلئے كھڑا ہونے كی آج جتنی ضرورت ہے اتنی پہلے كبھی نہیں تھی، ذوالفقار علی بھٹو نے ملک كو سیاسی طور پر مستحکم كیا اور ایک متفقہ آئین دیا، اس كے ساتھ ساتھ انہوں نے بیرونی خطرات سے نمٹنے کیلئے ملک کو ایٹمی قوت بنا کر ناقابل تسخیر بنایا۔

سابق لارڈ میئر بریڈفورڈ راجہ غضنفر خالق ، پیپلز پارٹی برطانیہ کے نائب صدر خواجہ کلیم ، پیپلز پارٹی یارکشائر کے صدر صغیر پوٹھی ، پیپلز پارٹی برطانیہ کے مرکزی نائب صدر ساجد قریشی ، شاہد چوہان ،احتشام قریشی ،چوہدری بشیر ،راجہ عمران ، پیپلز پارٹی برطانیہ کشمیر افیئر کے صدر آصف جدون ،انصر کرامت اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی وہ واحد جماعت ہے جس کے قائدین اور کارکنوں نے ملک کی ترقی اور جمہوریت کی بقاء کیلئے بے شمار قربانیاں دیں اور جانوں تک کے نذرانے پیش کئے، اسی لئے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو آج بھی عوام کے دلوں میں زندہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آمروں اور ڈکٹیٹرز کے خلاف جنگ کی بھٹو کے مشن اور نظریئے کو زندہ کرتے ہوئے غریب اور نادار لوگوں کو جمہوری شعور دیا تاکہ وہ اپنے حقوق کیلئے آواز بلند کر سکیں۔ بھٹو خاندان کی قربانیوں کا پیپلز پارٹی پر قرض ہے، بھٹو شہید نے جب پارٹی کی بنیاد رکھی تھی تو انہوں نے پسے ہوئے طبقے کو آواز دی۔

انہوں نے کہا کہ آج ہمیں پھر ذوالفقار علی بھٹو شہید کے ویژن کو زندہ کرتے ہوئے غریب اور نادار لوگوں کیلئے روٹی، کپڑا اور مکان دینا ہو گا ملک میں یکجہتی کو فروغ دینا ہو گا۔ 8فروری کو ہونے والے الیکشن میں پاکستان پیپلز پارٹی بھرپور کامیابی حاصل کرے گی اور بلاول بھٹو پاکستان کے وزیراعظم بن کر ملک کو ایک بار پھر بھنور سے نکال کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے ۔برطانیہ پیپلز پارٹی کارکنوں نے آمدہ انتخابات میں پاکستان میں جا کر الیکشن مہم میں بھرپور حصہ لینے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

اس موقع پر چوہدری جاوید اختر کو پیپلز پارٹی نارتھ زون کا کوارڈینیٹراور کامران منظور کو سیکرٹری جنرل بنانے کا اعلان کیا گیا۔ بانی پاکستان ذوالفقار علی بھٹو شہید کی یوم پیدائش کی تقریب کا اہتمام بھی پیپلز پارٹی نارتھ زون کے کوارڈینیٹر چوہدری جاوید اختر نے کیا تھا۔

تقریب کا آغاز حسنین ظفر کی تلاوت اور عابد ہاشمی کی نعت سے کیا گیا جب کہ نظامت کے فرائض چوہدری منظور اور راجہ عمران نے انجام دیئے۔ تقریب کے آخر میں جئے بھٹو کے نعروں کی گونج میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 96ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button