جہلم پولیس کا شراب سپلائرز کے خلاف کریک ڈاؤن، دو ملزمان گرفتار

جہلم پولیس کی جانب سے شراب سپلائرز کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے۔ حالیہ کارروائیوں کے دوران دو شراب سپلائر ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
تھانہ صدر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم یاسر کو گرفتار کیا، جس کے قبضے سے 20 لیٹر شراب برآمد ہوئی۔ اسی طرح تھانہ دینہ پولیس نے ایک اور کارروائی میں ملزم رزاق کو گرفتار کیا، جس سے 10 لیٹر شراب برآمد کر لی گئی۔
دونوں ملزمان کے خلاف علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جہلم طارق عزیز سندھو کا کہنا ہے کہ شراب جیسی مضر صحت اشیاء کی فروخت اور سپلائی میں ملوث افراد کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔



