جماعت اسلامی نے بنا حکومت عوام کی خدمت کی۔ ڈاکٹر قاسم محمود، سید ضیاء اللہ بخاری

سوہاوہ میں جماعت اسلامی کے انتخابی دفتر برائے قومی اسمبلی حلقہ این اے 60 اور صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 24 کا افتتاح کر دیا گیا۔ جے آئی یوتھ سوہاوہ زون کے صدر پروفیسر جمیل کیانی کی قیادت میں ریلی کے ذریعہ امیدواران کو پنڈال میں لایا گیا جہاں عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔
کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے امیدواران ڈاکٹر قاسم محمود چوہدری (حلقہ پی پی 24)، سید ضیاء اللہ بخاری (این اے 60)، مرزا افضال (حلقہ پی پی 25) اور راجہ ندیم احمد(پی پی 26) نے کہا کہ پچھلے 75 سال سے جو لوگ پاکستان پر حکمران رہے انہوں نے ہمیشہ اپنے بینک بھرے اور بیرون ملک اثاثے بنائے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات مہیا نہیں کی گئیں، عدالتوں میں انصاف نہیں ملتا، دینہ اور سوہاوہ کے لوگوں کو سوئی گیس کی سہولت میسر نہیں اور نہ ہی پینے کا پانی میسر ہے۔ عوام 8 فروری کو ان حکمرانوں کا محاسبہ کرے جو یہاں پہلے حکمران رہے اور اب دوبارہ عوام کے پاس آرہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے بنا حکومت عوام کی خدمت کی، جب بھی جہاں بھی کوئی حادثہ ہو یا قدرتی آفت ہو، سیلاب ہو یا زلزلہ یا کورونا یا بجلی یا پیٹرول کی قیمت بڑھائی جائے جماعت اسلامی کی قیادت نے آگے بڑھ کر عوام کی خدمت کی، انکی آواز بنے اور سڑکوں پر احتجاج کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر عوام 8 فروری جماعت اسلامی پر اعتماد کرے تو جماعت اسلامی کی قیادت اپنی دیانت اور صلاحیت سے ملک کے مسائل بہترین انداز سے حل کرکے پاکستان کو اسلامی اور فلاحی ملک بنائے گی۔



