جہلم میں مرغی مافیا کی من مانیاں، رمضان میں گوشت کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ

جہلم شہر اور ملحقہ علاقوں میں مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ کر دیا گیا، شہری مہنگے داموں خریداری پر مجبور ہیں۔
جہلم شہر میں 800 گرام مرغی کا گوشت 650 روپے میں جبکہ ملحقہ علاقوں میں 750 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ سرکاری نرخ کے مطابق مرغی کا گوشت 597 روپے فی کلو مقرر ہے، مگر دکاندار 1000 گرام کے بجائے 800 گرام گوشت تول کر فروخت کر رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ مرغی فروش دیدہ دلیری کے ساتھ سرعام زائد قیمت وصول کر رہے ہیں اور اگر کوئی خریدار اعتراض کرے تو دکاندار گالی گلوچ اور لڑائی جھگڑے پر اتر آتے ہیں۔
پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی نام نہاد کارروائیاں صرف دکھاوا بن چکی ہیں جبکہ انتظامیہ سب کچھ جانتے ہوئے بھی خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ کم تولنے اور سرکاری نرخوں سے زائد قیمت وصول کرنے والے دکانداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور ان کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں تاکہ عوام کو سرکاری نرخوں پر اشیاء مل سکیں۔



