رمضان سہولت بازاروں میں معیاری اشیاء رعایتی نرخوں پر فراہم کی جا رہی ہیں، مشیر صحت ڈاکٹر اظہر محمود کیانی

جہلم: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے رمضان سہولت بازاروں کا قیام ایک بڑا اور انقلابی اقدام ثابت ہو رہا ہے۔ ان بازاروں میں شہریوں کو روزمرہ استعمال کی اشیاء خصوصی رعایتی نرخوں پر فراہم کی جا رہی ہیں، جس سے عوام کی بڑی تعداد مستفید ہو رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار مشیر صحت پنجاب میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس کے ہمراہ رمضان سہولت بازار جہلم کے دورے کے دوران کیا۔ انہوں نے بازار میں دستیاب اشیاء کے معیار، قیمتوں اور دستیابی کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے مشیر صحت کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سہولت بازار میں 30 سے زائد اسٹالز اور دکانیں قائم کی گئی ہیں، جہاں عوام کو معیاری اور انتہائی کم قیمت پر اشیاء دستیاب ہیں۔ مشیر صحت پنجاب نے مختلف اسٹالز کا معائنہ کرتے ہوئے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں اور معیار کا بغور جائزہ لیا اور خریداروں سے ان کے تاثرات بھی سنے۔
شہریوں نے رمضان بازار کے قیام کو ایک احسن اقدام قرار دیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔ اس موقع پر مشیر صحت پنجاب نے ہدایت کی کہ ضلعی انتظامیہ رمضان بازار کی مستقل نگرانی جاری رکھے تاکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے اس عوامی اور فلاحی منصوبے کو کامیابی سے ہمکنار کیا جا سکے اور عوام کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔



