جہلم پولیس کا پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 10 سے زائد گرفتار

جہلم پولیس نے پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 10 سے زائد بھکاریوں کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم پولیس کی جانب سے ضلع بھر میں پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔ گزشتہ تین روز کے دوران مختلف علاقوں سے 10 سے زائد بھکاریوں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا کہ پیشہ ور بھکاری نہ صرف مختلف شاہراہوں اور چوک چوراہوں پر کھڑے ہو کر ٹریفک کی روانی کو متاثر کرتے ہیں بلکہ کئی حادثات کا باعث بھی بنتے ہیں۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ پیشہ ور بھکاریوں کی حوصلہ شکنی کریں اور ان کے بجائے اصل مستحق افراد کی مدد کو ترجیح دیں۔ جہلم پولیس کی یہ کارروائیاں عوامی تحفظ اور سڑکوں پر نظم و ضبط قائم رکھنے کے لیے جاری رہیں گی۔



