پنڈدادنخان: محکمہ صحت کی کارروائی، متعدد سنگین بے ضابطگیاں سامنے آنے پر قاسم لیبارٹری سیل

پنڈدادنخان: ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ نے پنڈدادنخان شہر میں اہم کارروائی کرتے ہوئے سول ہسپتال کے سامنے قائم قاسم لیبارٹری کو سیل کر دیا۔

جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر انجم قدیر نے کارروائی کرتے ہوئے لیبارٹری کا معائنہ کیا، جہاں متعدد سنگین بے ضابطگیاں سامنے آئیں۔

ذرائع کے مطابق لیب میں کوئی مستند پیتھالوجسٹ موجود نہیں تھا، جبکہ صرف ایک ڈاکٹر کا نام ظاہر کیا گیا تھا جو تقریباً دو ماہ قبل راولپنڈی سے آئے تھے۔ بتایا گیا ہے کہ مذکورہ ڈاکٹر پنڈدادنخان سے تقریباً 250 کلومیٹر دور تعینات ہیں۔

معائنہ کے دوران یہ بھی سامنے آیا کہ میڈیکل ویسٹ کو الگ کرنے اور تلف کرنے کا نظام غیر تسلی بخش تھا جبکہ انفیکشن کنٹرول اور صفائی ستھرائی کے انتظامات بھی ناقص پائے گئے۔

حکام کے مطابق لیب میں خون کے تین تھیلے بھی موجود تھے جن پر عطیہ دہندہ یا مریض کا نام درج نہیں تھا، جبکہ ان پر دستخط، کراس میچ، تاریخ اور وقت سمیت دیگر ضروری تفصیلات بھی موجود نہیں تھیں۔

مزید یہ کہ مریضوں کا روزانہ یا ماہانہ ریکارڈ، ٹیسٹ رپورٹس اور دیگر ضروری دستاویزات بھی فراہم نہیں کی جا سکیں، جبکہ واش رومز کی حالت بھی غیر تسلی بخش پائی گئی، خصوصاً مریضوں اور خصوصی افراد کے استعمال کے لیے سہولیات ناکافی تھیں۔

ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے لیبارٹری کو سیل کر دیا جبکہ کیس مزید کارروائی کے لیے پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن لاہور کو بھجوا دیا گیا ہے۔

محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ غیر قانونی اور عطائی عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور عوام کی صحت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

محکمہ صحت نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف مستند اور رجسٹرڈ لیبارٹریز اور ڈاکٹرز سے رجوع کریں تاکہ اپنی صحت کو محفوظ بنایا جا سکے۔

Exit mobile version