رمضان المبارک میں صفائی و ترقیاتی منصوبوں کی کڑی مانیٹرنگ، کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر جہلم

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ انسپکشن ٹیم اور راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (RWMC) کے افسران کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ضلع بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ اور شہر کی صفائی ستھرائی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے حکمتِ عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جہلم نے ڈسٹرکٹ انسپکشن ٹیم کو ہدایت کی کہ تمام سرکاری ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، معیار اور رفتار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا اور فیلڈ وزٹس کے ذریعے منصوبوں کی پیش رفت اور کوالٹی کا باقاعدہ جائزہ لیا جائے۔
اس موقع پر راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے حکام کو شہر کی صفائی کے حوالے سے خصوصی ٹاسک سونپے گئے۔ ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے ہدایت کی کہ رمضان المبارک کے دوران مساجد، امام بارگاہوں، بازاروں اور عوامی مقامات کے اطراف صفائی کے مثالی انتظامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔
ڈپٹی کمشنر جہلم نے دوٹوک انداز میں کہا کہ شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے، اور اس سلسلے میں غفلت یا لاپرواہی برتنے والے عملے کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ صفائی کے نظام کی مسلسل نگرانی کو یقینی بنایا جائے تاکہ رمضان المبارک کے تقدس کے مطابق بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے۔



