پنجاب حکومت کا انقلابی فیصلہ؛ بچوں کی پیدائش کا اندراج اب ایک سال تک ممکن، فیس مکمل معاف

جہلم: حکومت پنجاب نے عوام دوست پالیسی کے تحت بچوں کی پیدائش کے اندراج کی مدت 60 دن سے بڑھا کر ایک سال کر دی جبکہ پیدائش اور اموات کی رجسٹریشن بالکل مفت کر دی گئی ہے۔ اس فیصلے کا مقصد ہر شہری کا اندراج یقینی بنانا اور ریکارڈ کو مکمل کرنا ہے تاکہ مستقبل کی منصوبہ بندی میں سہولت ہو۔

اس حوالے سے آگاہی سیمینار برائے اندراج پیدائش و اموات منعقد کیا گیا، جس میں شہریوں کو پنجاب حکومت کی جانب سے دی گئی سہولیات سے روشناس کرایا گیا۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ میڈم مریم نے کہا کہ حکومت پنجاب نے رجسٹریشن کا طریقہ کار انتہائی آسان بنا دیا ہے، جس سے نہ صرف ہر فرد کا ریکارڈ دستیاب ہو گا بلکہ حکومتی منصوبہ بندی میں بھی بہتری آئے گی۔

ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے سیمینار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے نوٹیفکیشنز اور پالیسیاں جاری تو کر دی جاتی ہیں لیکن عوام کو اکثر ان کے بارے میں درست آگاہی نہیں ہوتی۔ اس لیے ضروری ہے کہ یونین کونسل کی سطح پر عوام میں شعور بیدار کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ ان سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں۔

Exit mobile version