اسسٹنٹ کمشنر جہلم کا مریم نواز ہیلتھ کلینک چوٹالہ کا اچانک دورہ، میڈیکل آفیسر کی غیر حاضری پر اظہار برہمی

جہلم: طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی، صفائی ستھرائی، علاج معالجے اور عملے کے رویے کا جائزہ لینے کے لیے اسسٹنٹ کمشنر جہلم آفتاب اشرف نے مریم نواز ہیلتھ کلینک چوٹالہ کا اچانک دورہ کیا۔

دورے کا مقصد صحت کے شعبے میں فراہم کی جانے والی سہولیات کے معیار کا جائزہ لینا اور عوام کو بہتر طبی خدمات کی فراہمی یقینی بنانا تھا۔

معائنہ کے دوران میڈیکل آفیسر کی غیر حاضری سامنے آئی جبکہ حاضری رجسٹر میں اس کی موجودگی درج تھی، جس پر اسسٹنٹ کمشنر نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے معاملے کو سنگین انتظامی بے ضابطگی قرار دیا۔ انہوں نے فوری طور پر ریکارڈ کی جانچ پڑتال اور متعلقہ افسر سے وضاحت طلب کرنے کی ہدایت جاری کی۔

دورے کے دوران کلینک کی صفائی ستھرائی کی صورتحال بھی غیر تسلی بخش پائی گئی، تاہم لیڈی ہیلتھ وزیٹر مریضوں کے معائنے میں مصروف موجود تھی۔

اسسٹنٹ کمشنر آفتاب اشرف نے ہدایت کی کہ صفائی کے نظام، ادویات کی دستیابی اور علاج معالجے کے معیار کو فوری طور پر بہتر بنایا جائے تاکہ شہریوں کو معیاری اور مؤثر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کو مکمل انکوائری کرنے اور ذمہ داران کے خلاف قواعد و ضوابط کے مطابق محکمانہ کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت بھی جاری کی۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے واضح کیا کہ غفلت، بدانتظامی اور غیر پیشہ ورانہ رویہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور عوامی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے فوری اصلاحی اقدامات کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button